این ڈی ٹی وی انڈیا پر پابندی اوراپوزیشن کی گرفتاری کے خلاف عمر عبداللہ نے مرکز کو نشانہ بنایا
سری نگر ، 4 ؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ایک پرائیوٹ نیوز چینل کی نشریات پر ایک دن کی پابندی لگانے کے مرکز ی حکومت فیصلہ کے خلاف جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے آج مرکز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پوچھا کہ کیا یہی وہ’ اچھے دن‘ ہیں جن کا وعدہ کیا گیا تھا۔عمر نے ٹوئٹر پر لکھاکہ این ڈی ٹی وی انڈیاکی نشریات روکنے کا حکم، مرحوم سابق فوجی کے خاندان کے تئیں ہمدردی کا اظہارکرنے والے حزب اختلاف کے لیڈروں کو حراست میں لینا، یہ کوئی اچھے دن کی علامت ہے؟۔ غورطلب ہے کہ اس سال کی شروعات میں پٹھان کوٹ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے دوران حساس معلوما ت نشر کرنے کے الزام میں مرکز نے این ڈی ٹی وی انڈیا کی نشریات 9 نومبر کو ایک دن کے لیے روکنے کا حکم دیا تھا۔